کوئٹہ اور مستونگ میں فائرنگ کے واقعات میں 9 افراد جاں بحق

0
157

کوئٹہ اور مستونگ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں مسیحی برادری کے 4 افراد سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا تازہ ترین واقعہ کوئٹہ کے علاقے شاہ زمان روڈ پر پیش آیا کہ جہاں نامعلوم مسلح افراد کی اندھادھند فائرنگ سے ایک خاتون سمیت چار افراد ہلاک اور ایک 12 سالہ لڑکی زخمی ہوئی۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت پرویز، کامران، طارق اور فردوس کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان افراد کا تعلق مسیحی برادری سے بتایا جاتا ہے۔

بلوچستان کے شہر مستونگ کے علاقے دشت میں بھی فائرنگ کے واقعے میں ایک راہگیر جاں بحق ہوا جس کی شناخت اعظم کے نام سے ہوئی ہے۔

قبل ازیں کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دو گروپوں میں جھگڑا ہوا جو مسلح تصادم کی صورت اختیار کرگیا اور اس دوران دونوں گروپوں نے اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا۔

دونوں گروپوں کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

پولیس نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جب کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

advertisement